ڈانڈیلی:13/جنوری (ایس او نیوز)تعلقہ کے ہسمنال دیہات کے ایک نجی زمین پر غیر قانونی طریقے سے جمع کردہ سسم اور ساگوانی لکڑی کے ڈنڈوں کو فاریسٹ افسران نے ضبط کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔
غیرقانونی طورپر لکڑیوں کو جمع رکھنے والے ملزم کی شناخت عبدالکریم غوث محی الدین خطیب(28)کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ فاریسٹ افسران معاملے کی جانچ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مصدقہ اطلاع پر ڈانڈیلی زون فاریسٹ افسران نے ملزم کی زمین پر بدھ کی رات چھاپہ مارا تو وہاں سسم اور ساگوانی لکڑی کے ڈنڈے پائے گئے۔ جمعرات کی صبح فاریسٹ افسران نے دوبارہ دیگر جگہوں پر تلاشی لی تو وہاں بھی لکڑیاں پائی گئیں۔ اس طرح 1.040مکعب میٹر (36.92سی ایف ٹی )کے 52ساگوانی ڈنڈے اور 1.221مکعب میٹر (43.34سی ایف ٹی)کے 76ڈنڈے پائے گئے ہیں۔ ضبط کردہ ساگوانی لکڑیوں کی قیمت 1.20 لاکھ روپئے اور سسم لکڑیوں کی قیمت 1.80لاکھ روپئے سمیت کل 3لاکھ روپئے قیمت ہونے کی فاریسٹ افسران نے جانکاری دی ہے۔ فاریسٹ آفیسران ڈاکٹر رمیش ، بال کرشنا کی رہنمائی میں مقامی افسربسوراج کی قیادت میں کارروائی کو انجام دیا گیا ۔ جس میں این ایل دیسائی ، سنتوش، یوگیش ، جادھو، پرشانت ، شیوکرن وغیرہ موجود تھے۔ڈانڈیلی کے آر ایف اؤ بسوراج بوچلی نے اس سلسلے میں کہا کہ چھاپہ ماری میں پائی گئیں غیر قانونی لکڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں اور ملزم کو بھی گرفتارکیا گیاہے۔ معاملےمیں مزید لوگ ملوث ہونے کا شبہ ہے، جس کی تفتیش ہورہی ہے، جمعہ کو بھی اسی بات کو لے کر ہسنمال میں مزید چھاپہ ماری ہوئی ہے جس کی جانچ جاری رہنے کی بات کہی۔